وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ کام کرنے کی وجہ سے انہیں تنقید کا سامنا ہے اور وہ ایسے لوگوں کی بے بسی کو اچھی طرح سمجھتی ہیں۔ انہوں نے میانوالی میں ایک تقریب میں بتایا کہ پنجاب حکومت گجرات میں 26 ارب روپے سے نیا ڈرین سسٹم بنا رہی ہے کیونکہ پہلے وہاں ایسا کوئی نظام موجود نہیں تھا۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کے ہر شہری کے ساتھ برابر کا سلوک کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ تین مہینے بارشیں ہوئی ہیں جس کی وجہ سے سیلاب کی صورتحال خراب ہے، مگر کچھ لوگ صرف تنقید کر رہے ہیں۔ جب وہ دریائے روای میں کشتی پر تھیں تو لوگوں نے ان پر تنقید کی کہ اگر کچھ ہوجاتا تو کیا ہوتا، وہ کہتے ہیں کہ یہ تنقید کرنے والوں کی بے بسی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سیلاب متاثرین کو تین وقت کا کھانا دیا جا رہا ہے اور ہر خیمے میں ایک موبائل اسپتال، جانوروں کی دیکھ بھال اور چارے کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے یقین دلایا کہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا اور اس پر کام شروع ہو چکا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ سیلاب میں 100 افراد جان سے گئے، جن کے ورثاء کو فی کس 10 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔ جن کے پورے گھر تباہ ہوئے، انہیں دس لاکھ، جن کے گھروں کو جزوی نقصان پہنچا، انہیں پانچ لاکھ روپے دیے جائیں گے۔ بڑے جانوروں کی موت پر پانچ لاکھ اور چھوٹے جانوروں کے نقصان پر پچاس ہزار روپے حکومت ادا کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں چار لاکھ روپے سے زیادہ امداد نہیں دی گئی تھی، لیکن اب وہ دس دس لاکھ روپے دیں گی۔ مریم نواز نے متاثرین کو مہمان قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے اپنے گھروں کی واپسی تک حکومت ان کے ساتھ ہے اور آرام سے نہیں بیٹھے گی۔